حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وحدت اور عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے ڈیرہ مراد جمالی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی صدر سید بہار شاہ، نعت خواں سید سعید علی شاہ، حاجی ہدایت اللہ گورشانی، علامہ سیف علی ڈومکی سمیت علماء کرام، سادات عظام اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا: رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت، محبت، اخوت اور امن کا پیغام ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسانوں کو رنگ، نسل، زبان اور قبیلے کے امتیاز سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کے ساتھ بھائی چارے، عدل و انصاف اور حسن سلوک کا درس دیا۔

انہوں نے کہا: ہفتہ وحدت کا بنیادی پیغام یہی ہے کہ مسلمان اپنے مشترکہ عقائد و مقدسات کو بنیاد بنا کر ایک دوسرے کے قریب آئیں اور باہمی اختلافات و نفرتوں کا خاتمہ کریں۔ آج امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ انتشار اور باہمی دشمنی سے نہیں بلکہ اتحاد، وحدت اور مشترکہ جدوجہد کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا: پاکستان مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کا مشترکہ وطن ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کے عقائد اور مقدسات کا احترام کرتے ہوئے ملک میں امن، رواداری، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا۔ فرقہ وارانہ نفرتیں پیدا کرنے والے عناصر دراصل امت کے اجتماعی مفاد کو نقصان پہنچاتے ہیں جبکہ اتحاد و وحدت دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا: عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صرف جشن کا نام نہیں بلکہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت و تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنے کا عہد ہے۔ ہمیں سیرتِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت، رحم، عدل، صبر اور برداشت کا درس حاصل کرنا چاہیے۔

تقریب کے دوران علامہ سیف علی ڈومکی اور نعت خواں سید سعید علی شاہ نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول پیش کیے۔ شرکاء نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس سے محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے ہفتہ وحدت کے پیغام کو عام کرنے اور معاشرے میں بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور عالم اسلام کے اتحاد کے لیے نعرے لگائے گئے۔










آپ کا تبصرہ